پی ٹی اے کی سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کیخلاف رپورٹ کی اپیل
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی، نفرت انگیز اور توہین آمیز مواد کے کسی بھی واقعہ کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور پی ٹی اے کو دیں۔
پی ٹی اے نے ایک پبلک نوٹس میں شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پی ٹی اے کے لنک https://complaint.pta.gov.pk/RegisterComplain.aspx
یا ای میل ایڈریس content-complaint@pta.gov.pk پر اس ضمن میں کسی بھی خلاف ورزی کی شکایت درج کرائی جا سکتی ہے، جبکہ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ میں بھی اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ شکایات 1991 پر کال کرکے یا helpdesk@nr3c.gov.pk ای میل کرکے درج کرائی جاسکتی ہیں۔
عوام کو پبلک نوٹس میں مطلع کیا گیا ہے قرآن مجید ( غلطیوں سے پاک طباعت اور ریکارڈنگ ) ایکٹ 1973 کی رو سے قرآن پاک کی ایسی طباعت، اشاعت یاریکارڈنگ جو کسی غیر رجسٹرڈ ناشر قرآن پاک کی طرف سے کی گئی ہو یا ایسا مطبوعہ قرآن یا قرآن پاک کا کچھ حصہ جو کسی بھی شکل ( کتاب ، ریکارڈ ، نصابی کتاب وغیرہ ) میں ریکارڈ یا شائع کیا گیا ہو۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قرآن کے کسی لفظ ، حرف یا اعراب کو تبدیل یا آیت ، سورت کی ترتیب کو تبدیل کیا گیا ہو یا کسی غیر مسلم کی طرف سے اس کا ایسا ترجمہ یا تشریح کی گئی ہو جو مسلمانوں کے عقیدے کے برخلاف ہو تو ان تمام صورتوں میں ان جرائم کا مرتکب سخت ترین سزاؤں کا مستحق ہوگا۔
نوٹس کے مطابق تعزیرات پاکستان کے سیکشن(B)295 کی رو سے قرآن پاک، قرآن پاک کے اوراق یا اس کے کسی اقتباس کی تو ہین کے مرتکب کو عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے
نوٹس میں عوام الناس ( مسلم و غیر مسلم شہریوں ) سے اپیل کی جاتی ہے کہ مذہبی معاملات ، مقدس کتب، مقدس شخصیات کی نسبت انتہائی احتیاط سے کام لیں اور خاص طور پر سوشل میڈیا پران امور سے متعلق رائے زنی تبصرے، اشاعت وغیرہ میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
واضح رہےکہ حکومت پاکستان کے متعلقہ ادارے کسی بھی غیر قانونی، نفرت انگیز، گستاخانہ مواد کی مسلسل نگرانی کرتے ہیں اور آئین پاکستان، متعلقہ قوانین اور عدالتی احکامات کی روشنی میں ان جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہیں