مسلم لیگ ( ن ) اور ق لیگ کا آئندہ انتخابات میں مل کر چلنے پر اتفاق
پاکستان مسلم لیگ ( ن ) اور مسلم لیگ ( ق ) کے درمیان آئندہ انتخابات میں مل کر چلنے پر اتفاق ہوگیا۔ جبکہ ق لیگ نے ن لیگ سے قومی اسمبلی کی چکوال، بہاولپور کی نشستیں مانگ لیں۔
مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی جو کہ 40 منٹ تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات خوشگوار موڈ میں ہوئی ہے اور آئندہ انتخابات میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے تجاویز مرتب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران سیاسی مستقبل میں اکٹھے چلنے اور معاملات طے کرنے کیلئے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق ہوا جبکہ کمیٹی تجاویز مرتب کرکے دونوں جماعتوں کے قائدین کے سامنے رکھے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کمیٹی کی تجاویز کی حتمی منظوری کے بعد معاملات اوپن کئے جائیں گے
باخبر ذرائع کے مطابق ق لیگ نے مسلم لیگ ن سےقومی اسمبلی کی چکوال، بہاولپور کی نشستیں ن لیگ سے مانگ لیں۔
نواز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات میں شہباز شریف ، مریم نواز اور سالک حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے شجاعت حسین سےکہا کہ آپ نےمشکل وقت میں ساتھ دیا یہ بھول نہیں سکتا، جس پر شجاعت حسین نے کہا کہ خواہش تھی کہ آپ کو لندن آکر ملتا مگر صحت نے اجازت نہیں دی، اچھا ہوا آپ ملنےآگئے بہت خوشی ہوئی۔
اس دوران شجاعت حسین اور مریم نوازشریف کے درمیان بھی دلچسپ مکالمہ ہوا، شجاعت حسین نے مریم نواز سے استفسار کیا کہ میں نےاورنوازشریف نےایک جیسی واسکٹ پہن رکھی ہے زیادہ اچھی کس کی لگ رہی ہے، جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ زیادہ اچھی آپ کی لگ رہی ہے۔
ملاقات کے دوران سابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ سالک حسین نےمیری کابینہ میں فعال کردارادا کیا