شاہ سلمان اور ولی عہدشہزادہ محمدکا احسان خیراتی پلیٹ فارم کوایک کروڑ86لاکھ ڈالرکاعطیہ

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قومی پلیٹ فارم برائے خیراتی کام (احسان) کو مجموعی طور پرایک کروڑ 86لاکھ ڈالر (سات کروڑ سعودی ریال) کا عطیہ دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد نے احسان کے ذریعے خیراتی کاموں کے لیے قومی مہم کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا ہے اوربالترتیب ایک کروڑ چھے لاکھ(10.6 ملین) ڈالر (چارکروڑ سعودی ریال) اور80 لاکھ ڈالر (تین کروڑ سعودی ریال) کا عطیہ دیا ہے۔
اس مہم کے آغاز کے چند گھنٹے بعد ہی افراد، کمپنیوں، بینکوں اور عطیہ دہندگان کی جانب سے بڑی تعداد میں عطیات جمع کرائے گئے ہیں اور ان کی مالیت 125.3 ملین ڈالر (47 کروڑسعودی ریال) تک پہنچ گئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام سعودی قیادت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ نیکی، سخاوت اور عطیات کے فضائل کو فروغ دینے والی خیراتی کوششوں کی حمایت کرے گی، خاص طور پررمضان کے مقدس مہینے کے دوران میں ایسے تمام اقدامات کی معاونت کرے گی۔
سعودی ڈیٹا اورمصنوعی ذہانت اتھارٹی (سدایا) کے صدر اوراحسان اسکیم کی نگران کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ بن شرف الغامدی نے شاہ سلمان اور ولی عہدکاان کے گراں قدرعطیات پرشکریہ ادا کیا اورکہا کہ ان کے فراخ دلانہ عطیات مختلف شعبوں میں خیراتی کاموں کی معاونت میں ان کی گہری دلچسپی کی مثال ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ولی عہد کی جانب سے احسان کی حمایت سے پلیٹ فارم کی ضرورت مندوں کو مزید مددمہیّاکرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
الغامدی نے احسان کی "ڈیجیٹل خدمات اور حل تیار کرنے کے عزم کو بھی اجاگر کیا جو مختلف خیراتی شعبوں میں کارگزارہیں اورجس سے مخیّرحضرات کو فوری اورمؤثر طریقے سے عطیات دینے کے قابل بنایا جاتا ہے جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ عطیات ضرورت مندوں تک پہنچیں‘‘۔
 

Latest Notifications

Create Post