عام انتخابات کیلئے اہم مرحلہ طے،حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری
ملک بھر میں آئندہ سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے اہم مرحلہ طے کر لیا گیا،اورحلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 266 قومی اسمبلی اور 593 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی حتمی حلقہ بندیاں جاری کردیں۔پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141،سندھ میں 51 نشستیں ہوں گی،خیبرپختونخوامیں 45 ،بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 نشستیں ہوں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297 ہوگی، جبکہ سندھ اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 130 ہوگی۔اسی طرح خیبرپختونخوااسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 115 ہوگی، جبکہ بلوچستان اسمبلی کی جنرل نشستیں 51 ہوں گی۔
حتمی حلقہ بندیوں کے مطابق قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد60 اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تعداد10ہوگی۔
قومی اسمبلی میں پنجاب سےخواتین کی32اورسندھ سے14مخصوص نشستیں ہوں گی،خیبر پختونخوا سےقومی اسمبلی کی 10اوربلوچستان سے4 خواتین مخصوص نشستوں پررکن بنیں گی اور قومی اسمبلی کاایوان 336نشستوں پرمشتمل ہوگا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 27 ستمبر کو ابتدائی حلقہ بندیاں جاری کی تھی، جس پر 109 اضلاع سے 1324 اعتراضات موصول ہوئے تھے۔اوریہ اعتراضات پر یکم نومبرسے 22 نومبر تک نمٹائے گئے۔