کراچی، گلستانِ جوہر میں گھر سے 3بچوں اور خاتون کی لاشیں برآمد
کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ایک گھر سے 3بچوں اور خاتون سمیت 4افراد کی لاشیں برآمد ہونے پر خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلستانِ جوہر کے علاقے کامران چورنگی کے نزدیک گھر سے ایک ہی خاندان کے 4افراد کی لاشیں برآمد ہونے پر علاقے کی فضا سوگوار ہے۔ چاروں افراد کو تیز دھار آلے کی مدد سے قتل کیاگیا
ایک ماں اور3 بیٹے جن کی عمریں 10 سے 15سال کے درمیان تھیں، مقتولوں میں شامل ہیں۔ خاتون اور بچوں کی شناخت کی جاچکی ہے۔ بچوں کے نام اشہد، احد اور شاہ زین ہیں۔
علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول خاندان کے سربراہ نے آگہی دی ہے کہ جس وقت اس کے گھر والوں کو قتل کیا گیا، وہ گھر پر موجود نہیں تھے، واقعے کے متعلق مزید پوچھ گچھ اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شہرِ قائد کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں گھر سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی لاشیں ملیں۔
آج سے ایک سال قبل ملک کے سب سے بڑے شہر کے الفلاح تھانے کی حدود میں شامل شمسی سوسائٹی کے ایک گھر میں 2 بچوں سمیت 4 خواتین کو قتل کردیا گیا جبکہ ایک مرد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔