بشریٰ بی بی مجھے بتائے بغیرعمران خان کے گھر چلی جاتی تھی، خاور مانیکا
سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے ہوشربا انشکافات کیے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خاور مانیکا نے کہا کہ اپنی اہلیہ سے عمران خان کی ملاقاتوں پر میں خوش نہیں تھا۔ ایک بار نوکر کی مدد سے اسے گھر سے بھی نکلوایا۔
انہوں نے کہاکہ میری سابق اہلیہ سے عمران خان کی ملاقات اسلام آباد دھرنے کے دوران ہوئی اور اس میں بشریٰ کی بہن مریم وٹو کا کردار تھا۔
بشریٰ بی بی کے ساتھ میری ازدواجی زندگی 28 سال چلی، بہت خوشگوار زندگی گزار رہے تھے مگر عمران خان نے پیری مریدی کے آڑ میں ہمارا گھر برباد کر دیا۔
خاور مانیکا نے کہاکہ میری والدہ نے مجھے کہا تھا کہ عمران خان ٹھیک آدمی نہیں ہے، اسے اپنے گھر آنے کی اجازت نہ دو۔
’عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رات کے وقت فون پر لمبی لمبی باتیں ہونے لگ گئی تھیں، فرح گوگی کا بھی اس میں کردار تھا اور اُس نے میری اہلیہ کو خفیہ فون نمبر فراہم کیے‘۔
خاور مانیکا نے کہاکہ بشریٰ بی بی مجھے بتائے بغیر بنی گالا میں عمران خان کے گھر چلی جاتی تھی کیوں کہ میرا گھر بھی بنی گالا میں ہی تھا جہاں پر میری بیوی نے رہائش اختیار کی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کے ساتھ نکاح سے 6 ماہ قبل بشریٰ مجھے سے علیحدگی اختیار کر کے میکے چلی گئی، میں بھی پاکپتن پہنچ گیا اور اِسے کہا ہے ساتھ چلو لیکن اس نے کہا کہ نہیں۔ اس کے بعد ایک دن فرح گوگی نے مجھے موبائل پر میسج کیا کہ آپ اپنی بیوی کو طلاق دے دیں۔
14 نومبر 2017 کو بشریٰ بی بی کو طلاق دی
انہوں نے کہاکہ فرح گوگی کے اس پیغام کے بعد میں بشریٰ بی بی کے پاس گیا اور پوچھا کہ کیا ماجرا ہے، تم چاہتی کیا تو اس نے اِس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اس کے بعد میں نے 14 نومبر 2017 کو اِسے طلاق دے دی۔
خاور مانیکا نے کہا کہ میں نے اپنی اہلیہ کو طلاق نامہ فرح گوگی کے ہاتھ بھیجا تھا، بعد میں فرح مجھے فون کر کے کہتی ہے کہ آپ طلاق کی تاریخ تبدیل کر دیں۔ ’ذلفی بخاری اور فرح گوگی نے مجھے کہا کہ آپ خاموش رہیں عمران خان وزیراعظم بننے جا رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہاکہ میری طرف سے بشریٰ بی بی کو طلاق کے ڈیڑھ ماہ بعد عمران خان نے اس سے نکاح کر لیا۔ مجھے اور میرے بچوں کو اس شادی کا کوئی علم نہیں تھا۔ میڈیا پر خبر سامنے آنے کے بعد تردید کرنے کی وجہ بھی یہی تھی۔
خاور مانیکا نے کہاکہ پنجاب کے سارے تبادلے فرح گوگی، احسن گجر کراتے تھے۔
میری بیوی 5 بچوں کو چھوڑ کر گئی تو قوم نے اسے مبارکبادیں دیں
انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی نے اپنے پہلے انٹرویو میں طلاق سے متعلق جو گفتگو کی وہ درست نہیں تھی، کیا کبھی پیر اور مرید بھی آپس میں شادی کرتے ہیں۔
خاور مانیکا نے کہاکہ میری بیوی 5 بچوں کو چھوڑ کر گئی تو پوری قوم نے اس کو مبارکبادیں دیں مگر مجھے کسی نے پوچھا تک نہیں، میرے بچے تو رُل کر رہ گئے۔
انہوں نے کہاکہ میری چھوٹی بیٹی کو ابھی 14 سال کی ہوئی ہے وہ اب بھی رات کے وقت روتی ہے، اس کی 4 سال سے والدہ سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ جب سے بشریٰ بی بی وزیراعظم کی بیوی بنیں میں نے قوم کی تنقید کے علاوہ کچھ نہیں سنا۔
ہمارے خاندان میں کسی کا رئیل اسٹیٹ کا کاروبار نہیں
انہوں نے کہاکہ میرے خاندان کا احسن جمیل گجر سے کوئی تعلق نہیں تھا وہ خود ہی زبردستی آ کر بچوں کے ساتھ بیٹھ جاتا تھا۔ اپنے والد کو کبھی جمیل گجر کے گھر جاتے ہوئے نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہاکہ ایک بار وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکریٹری کو فون کیا تو رات کے وقت فرح گوگی کا بچوں کو فون آ گیا کہ خاور مانیکا کو بتا دیں وزیراعلیٰ کو فون نہ کریں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے خاندان میں کوئی بھی رئیل اسٹیٹ کا کاروبار نہیں کر رہا۔ ہمارا لائف اسٹائل جو پہلے تھا وہ اب بھی ہے، اثاثوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔