کراچی کو ساتھ رکھو گے تو معیشت اور جمہوریت مستحکم رہے گی، فاروق ستار
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وفاق کی بڑی جماعتوں کو کہہ دیا کراچی مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا، کراچی کو ساتھ رکھو گے تو معیشت اور جمہوریت مستحکم رہے گی، ہم 4 ہزار ارب کا ٹیکس دیتے ہیں بدلے میں ہمیں 400 ارب بھی ڈیولپمنٹ فنڈ نہیں ملتا، ایم کیو ایم نے 15 دسمبر تک کراچی میں 100 انتخابی دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی کے بیٹے اس ملک کا قرض اتارنے کیلئے تیار ہیں، سیالکوٹ کے تاجروں نے ایئرپورٹ بنادیا، مقامی ایئر لائن بناکر دی، کراچی والے ملک کو 4 ہزار ارب کماکر دیتے ہیں کیا نیو کراچی میں انڈسٹریل زون نہیں بناسکتے، ہم 4 ہزار ارب کا ٹیکس دیتے ہیں بدلے میں ہمیں 400 ارب بھی ڈیولپمنٹ فنڈ نہیں ملتا، کیا ہم اپنے بچوں کیلئے ایک نئی یونیورسٹی نہیں بناسکتے، کراچی کو بائیسویں نہیں تئیس ویں صدی میں لے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایم کیو ایم کے پرانے دفاتر نہیں چاہئیں، 15 دسمبر تک کراچی میں 100 انتخابی دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، پیپلزپارٹی دور میں پی ٹی آئی نے بھی انہیں دودھ پلایا، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کا خفیہ گٹھ جوڑ تھا، ایک دن بھی پی ٹی آئی کا وزیراعظم کراچی میں نہیں رکا، مصطفیٰ کمال کے دور میں 10 کروڑ گیلن اضافی پانی شہر میں آیا، پیپلزپارٹی کے 15 سالوں میں نہ اضافی پانی ملا اور نہ ہی کوئی کام ہوا۔
ایم کیو ایم رہنماء نے کہا کہ کراچی کو ساتھ رکھو گے تو معیشت اور جمہوریت مستحکم رہے گی، مقامی خودمختاری کے ذریعے ہی شہر کے مسائل حل ہوں گے، جب کوئی بڑی جماعت ایم کیو ایم کے مرکز آتی ہے تو انکو تکلیف ہوتی ہے، عوام کو کھوکھلے نعروں کے پیچھے لگاکر رکھا ہوا ہے، کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنے والوں کے حساب کا وقت آچکا، وفاق کی بڑی جماعتوں کو کہہ دیا کراچی مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حکمراں طبقہ ترقی یافتہ ہوگیا مگر عوام بدحالی کی تصویر بن گئے، اب یہ نہیں چلے گا اور مضبوط کراچی ہی ترقی کی ضمانت ہوگا، ناانصافی اور ظلم کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے، ایم کیو ایم کو مردہ گھوڑا کہنے والوں کے پیٹ میں مروڑ کیوں ہے، ایم کیو ایم کے دفن ہونے پر تمہیں تو شادیانے بجانے چاہئیں، جشن منانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی کی 22 نشستیں حاصل کریں گے، ہم صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے، وزارتوں کو ہم نے اس بار جوتی کی نوک پر رکھا ہے، اب ہمیں سر اٹھا کر چلنا ہے، اب لوڈشیڈنگ کرنے والوں کی لوڈشیڈنگ کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء کا مزید کہنا ہے کہ کراچی غریب پرور شہر ہے ہم نے کبھی یہاں آنے والوں کو نہیں روکا، ہم نے کبھی مہاجروں کو گننے کی بات نہیں کی، ہم نے کہا جو بھی اس شہر میں رہتا ہے اسکو گنا جائے، قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں کا اضافہ صرف کراچی میں ہوا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج نیو کراچی میں پریکٹس میچ ہے ابھی فائنل کھیلنا باقی ہے، پیپلزپارٹی کے بستر گول ہونے کا یہ تعزیتی اجلاس نہیں، ایم کیو ایم کا جلسہ ہے، نیو کراچی میں آئندہ ہونے والا جلسہ ایم کیو ایم کے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑے گا، مایوسی سے امید کا سفر شروع ہوچکا، غلطیاں ہوئی ہیں اس کا ازالہ کرنا ہے