سمندری طوفان نے امریکی ریاستوں میں تباہی مچادی، بجلی غائب، ہلاکتوں کی تعداد 33
سمندری طوفان ہیلن نے امریکی ریاستوں میں تباہی مچادی، سمندری طوفان سے فلوریڈا، جارجیا، شمالی کیرولینا اور ٹینیسی شدید متاثر ہیں، ہلاکتوں کی تعداد تینتیس ہوگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق طوفان کے باعث چالیس لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوکر رہ گئے، موسلادھار بارش سے سڑکیں دریاؤں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ گاڑیاں تیرنے لگیں۔
دو سو پچیس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے درخت جڑوں سے اکھاڑ دیئے، بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔
امریکی ریاستوں میں سیلاب بین الاقوامی خلائی اسٹیشن نے سمندری طوفان کی خصوصی ویڈیو جاری کردی۔
امریکا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کےالزام میں کینیڈا سے پاکستانی شہری گرفتاری
امریکا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کےالزام میں کینیڈا سے پاکستانی شہری گرفتاری کو گرفتارکرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار پاکستانی شہری شاہزیب خان جدون پر نیویارک میں یہودیوں کے مرکز پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے20 سالہ شاہزیب 7 اکتوبرکو زیادہ سےزیادہ یہودیوں کو قتل کرنا چاہتا تھا۔
شاہزیب کو 4 ستمبر کو کینیڈین پولیس نے کیوبک کےسرحدی علاقےسےگرفتار کیا،اس پردہشت گرد تنظیم کو وسائل فراہم کرنے کی کوشش کا بھی الزام ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے شاہزیب کی حوالگی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
محمد شاہ زیب خان نے مبینہ طور پرخفیہ اداروں کو بتایا کہ سات اکتوبر اور گیارہ اکتوبر کو یہودیوں کو نشانہ بنانا تھا،حماس کے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے ٹھیک ایک سال بعد نیویارک میں حملے کا منصوبہ تھا۔
جرم ثابت ہونے پر محمد شاہ زیب خان کو زیادہ سے زیادہ بیس سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
امریکا، ہیوسٹن میں چاقو کے وار سے پاکستانی نژاد ڈاکٹر قتل
امریکا میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر طلعت جہاں کو ہیوسٹن میں چاقو مار کر قتل کردیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر طلعت جہاں کو ان کی رہائشی بلڈنگ میں بچوں کے سامنے چاقو سے وار کرکے قتل کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جبکہ ملزم کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 24 سالہ حملہ آور مائلز جوزف فریڈ رِیش پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ہیوسٹن میں 52 سالہ چائلڈ اسپیلشسٹ ڈاکٹر طلعت جہاں خان کو تلوار کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا گیا۔
ہیوسٹن میں خاتون ڈاکٹر طلعت پر ان کے اپارٹمنٹ کے سامنے حملہ کیا گیا، مقتولہ حال ہی میں سیاٹل سے ہیوسٹن منتقل ہوئی تھیں۔
امریکا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 22 افراد ہلاک،60 زخمی
امریکی ریاست ایڈاہو کے شہر لیوسٹن میں فائرنگ سے 22 افراد ہلاک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے امریکی شہر لیوسٹن میں سپرسٹور سمیت مختلف مقامات کو نشانہ بنایا،جس میں پچاس سے ساٹھ زخمی بھی ہیں۔
زخمی افراد میں متعدد کی حالت تشویشناک ہےجس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،ریاست کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا،جس کی تصاویر بھی جاری کردی گئیں ہیں
امریکی وزیر دفاع کا آرمی چیف سے ٹیلیفونک رابطہ
امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
پینٹاگون کے پریس سیکرٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائیڈر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے منگل کو پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے فون پر بات چیت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف اور امریکی وزیر دفاع نے باہمی دلچسپی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
اس حوالے سے آئی ایس پی آر کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
پاکستانیوں کی امریکی ویزے کیلئے درخواستوں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
پاکستانیوں کی امریکی ویزا کی درخواستوں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔امریکی سفارتخانے کے مطابق پاکستان سیامریکی ویزوں کی طلب اب تک کی بلندترین سطح پرپہنچ چکی ہے اور امریکی مشن ماضی کی نسبت زیادہ سے زیادہ ویزا درخواستیں نمٹانے کیلئے کوشاں ہے۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق ویزا اپائنٹمنٹ کے انتظار کی مدت میں کمی کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں اور درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے تین طریقوں سے کام کررہے ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق نان امیگرنٹ ویزا کیلئے ہزاروں درخواستوں پر عمل درآمد تیزکر دیا گیا اور دس ہزار درخواست گزاروں کی پہلے سے 2024 میں طے اپائنٹمنٹ کی مدت کم کردی ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ کراچی میں امریکی قونصل خانے میں 10 ہزار درخواست گزاروں کی مدت اب 2023 مقرر کی جارہی ہے اور درخواست گزاروں کو اپائنٹمنٹ مدت میں کمی کی اطلاع جلدموصول ہونے والی ہے، ان درخواست گزاروں میں سے بعض کی اپائنٹمنٹ اگلے ہفتے طے ہوسکتی ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق سفر کے خواہاں پاکستانی اپنی اپائنٹمنٹ منسوخ کرکے دوبارہ شیڈول کرسکتے ہیں، دوبارہ شیڈول کی اضافی رعایت کراچی قونصل خانہ یا اسلام آباد سفارتخانہ سے لے سکتے ہیں، درخواست گزاروں کیلئے تاریخ، وقت اور انٹرویو کی جگہ کا تعین کرنے میں آسانی ہوگی۔
25ستمبر سے کراچی میں انٹرویو سے مستثنیٰ امیدواروں کی درخواستیں قبول کی جارہی ہیں۔ کراچی قونصل خانے میں ان کا انٹرویو ہوگا جنہیں پہلے کراچی سے ویزا جاری کیا گیا تھا، انٹرویو سے مستثنیٰ ہونے سے متعلق اہلیت کی جانچ پڑتال ویب سائٹ سے ہوسکتی ہے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 5 روزہ سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے
نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ 5 روزہ سرکاری دورے پر نیو یارک پہنچ گئے، نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
نیویارک ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان کے سفیر مسعود خان، اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور دیگر اعلیٰ حکام نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا استقبال کیا۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ دورے کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ وہ نیو یارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
قوانین کی خلاف ورزی ، پاکستان میں سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو 3 سال قید ، جرمانہ
پاکستان میں امریکا کے سابق سفیر رچرڈ اولسن کو اخلاقیات سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر تین برس کی سزا سنا دی گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق سفیر رچرڈ اولسن پر 93 ہزار 400 ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
سماعت کے موقع پر رچرڈ اولسن آبدیدہ ہوئے ، انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے غلطیاں ہوئی ہیں اور اس کے سنگین نتائج بھی نکلے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اولسن پر الزام تھا کہ انہوں نے امریکی پالیسی سازوں پر اثرانداز ہونے کیلئے قطر حکومت کی مدد کی اور اپنی غیرقانونی سرگرمیوں کی پردہ پوشی کیلئے اقدامات کیے۔ جن میں اہم ای میلز ڈیلیٹ کرنا اور انٹرویو کے دوران ایف بی آئی سے جھوٹ بولنا بھی شامل تھا۔
اٹارنی آفس کے مطابق پاکستان میں تعیناتی کے دوران رچرڈ اولسن نے ایک پاکستانی امریکی بزنس مین سے بھی فوائد حاصل کیے تھے۔
واضح رہے کہ رچرڈ اولسن محکمہ خارجہ سے 2016 میں ریٹائرہوگئے تھے، وہ 2012 سے 2015 تک پاکستان میں امریکا کے سفیر رہ چکے ہیں۔
پاکستان سے معاشی استحکام اور آئی ایم ایف معاملات پر بھرپور تعاون کریں گے: امریکہ کی یقین دہانی
مریکہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معیشت کے استحکام اور آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے سے متعلق بھرپور تعاون کریں گے۔ا
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارت کار وکٹوریہ نولینڈ نے پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور انہیں وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔
وکٹوریہ نولینڈ اور جلیل عباس جیلانی کے درمیان گفتگو کے دوران پاک امریکہ شراکت داری کو وسیع اور گہرا کرنے، پاکستان کے معاشی استحکام و خوشحالی اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی سفارت کار نے پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق بروقت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعلقات اور پاکستان کے معاشی استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔
امریکی سفارت کار کی پاکستان کے نگران وزیر خارجہ سے گفتگو پر امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بات چیت پاکستان کے معاشی استحکام، خوشحالی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اس کی مسلسل مصروفیت پر مرکوز تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ خلیل عباس جیلانی آئندہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہونے والے 78ویں اجلاس میں شرکت کے لیے عبوری وزیراعظم کے ہمراہ امریکہ بھی جائیں گے۔
نیویارک کی مساجد میں جمعہ کی اذان لاؤڈ سپیکر پر دینے کی اجازت مل گئی
نیویارک کی مساجد میں جمعہ کی اذان لاؤڈ سپیکر پر دینے کی اجازت مل گئی۔
مئیر نیویارک ایرک آدم کی جانب سے پریس کانفرنس میں اذان دینے کی اجازت کا اعلان کیا گیا، رمضان المبارک میں بھی مغرب کی اذان دی جا سکے گی۔
میئر نیویارک کی پریس کانفرنس میں مسلم قیادت بھی موجود تھی، پولیس کمشنر کی جانب سے بھی مکمل تعاون کا اعلان کیا گیا، مسلم کمیونٹی نے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
امریکی فوج کا لڑاکا طیارہ سان ڈیاگو میں گر کر تباہ
امریکی فوج کا ایف 18 ہورنٹ طیارہ سان ڈیاگو میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ امریکی فوج کا ایف 18 ہورنٹ طیارہ
میرین کور ایئر سٹیشن کے قریب گر کر تباہ ہوا ہے۔
امریکی فوج کا لڑاکا طیارہ ہائی وے کے قریب ایک سرکاری اراضی پر گر کر تباہ ہوا۔ یہ طیارہ امریکی بحریہ کے زیر استعمال تھا اور معمول کی پرواز پر تھا۔طیارے کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ ایک ہیلی کاپٹر اور جہاز کو ریسکیو آپریشن کے لیے بھیجا گیا جنہیں طیارے کا ملبہ مل گیا۔
ابتدائی طور پر یہ کہاجار ہا ہے کہ طیارے میں صرف پائلٹ موجود تھا۔ طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ پائلٹ کے حوالے سے تاحال کوئی خبر جاری نہیں کی گئی۔
کیلیفورنیا کی ایک ملٹری بیس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کا تباہ ہونا ایک حادثہ ہے جس میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
بیان میں یہ وضاحت بھی دی گئی ہے کہ طیارے نے میرین کور ایئر اسٹیشن سے پرواز نہیں بھری تھی اور نہ ہی یہ میرین ایئرکرافٹ ونگ کا حصہ تھا۔
لاطینی امریکی ملک ڈومینیکن ریپبلک میں دھماکے سے 27 افراد ہلاک، 59 زخمی
لاطینی امریکی ملک ڈومینیکن ریپبلک میں دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی جبکہ 59 افراد زخمی ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکا دارالحکومت سانتو دومنگو کے کاروباری مقام پر ہوا جس کے نتیجے میں آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ سڑک پر موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے میں 27 افرا ہلاک ہو چکے، زیادہ تر ہلاکتیں جھلسنے کی وجہ سے ہوئیں، مرنے والوں میں 4 ماہ کا نومولود بچہ بھی شامل ہے، 59 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔
امریکہ کا پاکستان کو 76ویں یوم آزادی پر نیک خواہشات کا اظہار
امریکہ کا پاکستان کو 76ویں یوم آزادی پر نیک خواہشات کا اظہار
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے پاکستان کو 76ویں یوم آزادی کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ایک بیان میں امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے زیادہ خوشحال مستقبل کی تخلیق کے لئے امریکا اور پاکستان کی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے منتظر ہیں۔انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم تعاون کے نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں، جیسا کہ پاکستان انتخابات کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے، ہم جامع اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ اور امن اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے منتظر ہیں۔امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لئے ہماری حمایت مضبوط ہے، ہم جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کے لئے عزم رکھتے ہیں جو ہماری شراکت داری کو آگے بڑھانے میں رہنمائی جاری رکھے گا۔دوسری جانب پاکستان کو جشنِ آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ گزشتہ سال پاک امریکہ تعلقات کی صحیح طاقت سامنے آئی، صحت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی میں تعاون جاری رہا۔ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں امریکی تعاون یقینی بنایا گیا، البتہ پاک امریکہ گرین الائنس میں پیش رفت کا منتظر ہوں جو نوکریوں اور صعنتوں کے لیے اہم ہوگا۔
امریکا، ہوائی میں آگ سے اموات کی تعداد 67 ہوگئی
امریکا کی ریاست ہوائی میں آگ سے اموات کی تعداد 67 ہوگئی ہے۔
یہ ریاست ہوائی کا بدترین قدرتی سانحہ ہے، گورنر کے مطابق جلے ہوئے گھروں میں اب بھی کئی افراد کی لاشیں موجود ہوسکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آگ سے سیکڑوں مکانات اور عمارتیں مکمل طور پر جل گئیں، جبکہ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جنگلات میں لگی آگ سے تاریخی سیاحتی مقام Lahaina بھی جل کر تباہ ہوگیا۔
دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن نے بھی ہوائی کے جنگلات میں آگ کو بڑا سانحہ قرار دے دیا۔
اسلام کو عظیم مذہب تسلیم کیے جانے کے حوالے سے امریکی کانگریس میں قراردار پیش
اسلام کو عظیم مذہب تسلیم کیے جانے کے حوالے سے امریکی کانگریس میں قراردار پیش کر دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق قرارداد ریاست ٹیکساس کے نمائندے ال گرین کی طرف سے پیش کی گئی ہے، قرارداد کے تائید کندگان میں کانگریس ممبران الہان عمر، راشدہ طلیب، آندرے کارسن شامل ہیں۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ لفظ “اسلام” کا مطلب “خدا کی مرضی کے سامنے سر تسلیم خم کرنا” اور “امن” ہے، اس کے علاوہ واضح کیا گیا ہے کہ قرآن مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان رواداری کی بات کرتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس میں جمع کروائی گئی قرارداد میں امریکا میں مسلمانوں کی تعداد 35 لاکھ بتائی گئی ہے۔
مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، امریکا
امریکا نے ایک مرتبہ پھر واضح انداز میں کہا ہے کہ ہم مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے لکھا کہ ہم اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کی مدد کے لیے ایک پروگرام کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ میکرو اکنامک اصلاحات اور پائیدار معاشی بحالی کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ کام جاری رکھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی منظوری دیدی تھی۔ 9 ماہ کے لیے پاکستان کو تین ارب ڈالر دیئے جانے ہیں جس کی پہلی قسط آج پاکستان کو موصول ہو چکی ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کی بحالی سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے متعدد بار امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ امریکا آئی ایم ایف معاہدے کی بحالی کےلیے اپنا کردار ادا کرے۔
اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اشارہ دیا ہے کہ امریکا نے بھی آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے انتظامات کو جاری رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی۔
امریکہ اور پاکستان تجارتی تعاون بڑھانے کےخواہاں
پاکستان اور امریکہ ایک دوسرے کے ساتھ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کی مضبوطی کی خواہاں ہیں۔
امریکہ کے 247 ویں قومی دن کے موقع پر امریکی سفارتخانے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ اور اس کے عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، امریکہ مساوات اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہے، پاک امریکہ 75 سالہ دوستانہ تعلقات میں نشیب و فراز رہے ہیں لیکن اب امریکہ کے ساتھ ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا ہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اورامریکہ نے ملکر کام کیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 80ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا لیکن اس کے باوجود دہشت گردی کیخلاف ہمارا عزم موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں،پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،ان کی صلاحیتوں سے انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں استفادہ کیا جا سکتا ہے، گزشتہ سال پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے تباہ کن سیلاب آیا جس سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے،اس مشکل وقت پر امریکہ نے ہماری بڑی مدد کی۔
امریکا میں فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا، مزید 10 افراد ہلاک، 40 زخمی
امریکا میں فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا، مختلف واقعات میں مزید 10 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف امریکی ریاستوں میں ماس شوٹنگ کے واقعات تیزی سے رونما ہو رہے ہیں، جن میں انسانی جانیں تلف ہو رہی ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید دو امریکی شہروں فلاڈلفیا اور فورٹ ورتھ میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں، فلاڈلفیا ماس شوٹنگ میں 5 افراد ہلاک جب کہ دو زخمی ہو گئے ہیں، ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس نے منگل کو بتایا کہ فورٹ ورتھ میں امریکی یوم آزادی کی تعطیل کے موقع پر مقامی تہوار کے بعد لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ پیر کی شام کو امریکی شہر فلاڈلفیا میں بلٹ پروف جیکٹ پہنے ایک شخص کی فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور دو بچے زخمی ہوئے۔ 40 سالہ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لیا گیا ہے، وہ ایک AR-15 طرز کی رائفل، ایک ہینڈگن، ایک پولیس اسکینر اور گولہ بارود لے کر جا رہا تھا
امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں چارافراد ہلاک اور تیس سے زائد زخمی
امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں چارافراد ہلاک اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریاست الینوائے میں سیاہ فام امریکیوں کی آزادی کی یاد میں جشن کی تقریب میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور بائیس افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واشنگٹن میں میوزک فیسٹیول میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک اورتین زخمی ہوگئے۔دوسری جانب سینٹ لوئس میسوری میں فائرنگ سے شخص ہلاک اورنو افراد زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ امریکا کی مخلتف ریاستوں میں گزشتہ دو روز میں فائرنگ کے واقعات میں 38 افراد نشانہ بنے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سال امریکا میں فائرنگ کے 305 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
خفیہ دستاویز کیس، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پھر گرفتار
خفیہ دستاویز کیس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیڈرل کورٹ ہاؤس سے گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اور انہیں جلد ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر اہم دستاویزات اپنے پاس رکھنے سمیت کئی الزامات ہیں، اور انہیں رواں برس اپریل میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
اس سے قبل امریکا کے سابق صدر پر عائد فرد جرم میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے امریکا کے جوہری راز سے متعلق حساس فائلیں اپنے باتھ روم اور شاور روم میں چھپائیں تھیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر 37 نکات پر مشتمل فرد جرم عائد کی گئی جس میں سابق صدر پردستاویزات کو سنبھالنے کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش اور امریکی جوہری راز اور فوجی منصوبوں سمیت سینکڑوں خفیہ دستاویزات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکی جوہری راز اور فوجی منصوبوں سمیت سینکڑوں خفیہ دستاویزات کے غلط استعمال کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
ورجینیا :امریکی ہائی اسکول کی گریجویشن تقریب میں فائرنگ ، دو افراد ہلاک
امریکی ریاست ورجینیا کے ہائی اسکول کی گریجویشن تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دوافراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔
ریاست ورجینیا کی دولت مشترکہ یونیورسٹی کے قریب ہائی اسکول کی گریجویشن تقریب میں فائرنگ سے ایک اٹھارہ سالہ طالبعلم سمیت دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔جبکہ ایک مشتبہ ملزم کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی
امریکی سابق نائب صدر صدارتی امیدوار بننے کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابل آگئے
امریکی سابق نائب صدر مائیک پنس بھی ری پبلکن صدارتی امیدوار بننے کیلئے ٹرمپ کے مقابل آگئے۔
مائیک پنس بھی امریکا میں 2024 کے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں اور انہوں نے ریپبلکن صدارتی امیدوار کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
ٹرمپ کے مقابل ریپبلکن صدارتی امیداروں کی فہرست میں نکی ہیلی،کرس کرسٹی اور ٹم اسکاٹ بھی شامل ہیں۔
ٹرمپ کے مخالفین کو خدشہ ہے کہ ٹرمپ مخالف ووٹ تقسیم ہونے سے ٹرمپ کو ری پبلکن صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے میں فائدہ ہوگا۔
خیال رہے کہ مائیک پنس جنوری 2017 سے جنوری 2021 تک ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں نائب صدر رہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن تقریب کے دوران اسٹیج پر گر گئے
امریکی صدر جوبائیڈن ایک تقریب کے دوران اسٹیج پر گر گئے۔
رپورٹس کے مطابق صدر بائیڈن جمعرات کو کولوراڈو میں ائیر فورس اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو ڈگری دیتے ہوئے اچانک ریت کے چھوٹے سے تھیلے سے ٹکرا کر اسٹیج پر گر پڑے۔
تاہم اسٹیج پر موجود ائیرفورس کے اہلکاروں نے امریکی صدر کو سنبھالا اور انہیں دوبارہ کھڑا کر دیا اور پھر وہ واپس جاکر اپنی نشست پر بیٹھے۔
پاکستان میں من مانی گرفتاریاں ناقابل برداشت ہیں، امریکا کا اظہار تشویش
امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ سینیٹر باب مینینڈز نے پاکستان میں شہریوں بشمول دہری شہریت رکھنے والے افراد کی پکڑ دھکڑ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اُسے انتہائی تشویش ناک معاملہ قرار دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکی کانگریس سے تعلق رکھنے والے درجنوں ارکان نے انتظامیہ پر خط کے ذریعے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے اندر انسانی حقوق اور آزادی اظہار سے متعلق صورتِ حال کا نوٹس لے۔
سینٹر باب مینینڈز نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتِ حال بیحد تشویشناک ہے اور حالیہ عرصے میں ہونے والی من مانی گرفتاریاں ناقابلِ برداشت ہیں۔ اپنے نظریات کا اظہار کرنے والے افراد کی من مانی گرفتاریاں ناقابلِ برداشت ہیں اور جمہوری اقدار سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے بشمول اُن لوگوں کے لیےقانونی طریقہ کار کا ، جو اس وقت حراست میں ہیں، اوران د یگرحقوق کا (احترام کیا جائے) جو پاکستان کے آئین نے ان کو دیے ہیں۔
کیپٹل ہل حملہ: ٹرمپ کےحامیوں کے سرغنہ کو 18 سال قیدکی سز ا سنادی گئی
امریکا میں 2021 میں کیپیٹل ہل (امریکی ایوان نمائندگان) پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے حملےکے مقدمے میں حملہ آوروں کے سرغنہ اسٹیورٹ رہوڈز کو 18 سال قیدکی سزا سنادی گئی۔
اسٹیورٹ رہوڈز کو بغاوت کی سازش سمیت سکیورٹی اداروں پر حملے اور توڑ پھوڑ کے الزامات کا سامنا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسٹیورٹ رہوڈز پر عائد بغاوت کی سازش کی دفعہ امریکا میں بہت کم استعمال ہوئی ہے۔
اسٹیورٹ رہوڈز امریکا کی دائیں بازو تنظیم اوتھ کیپرز ملیشیا کا بانی ہے، تنظیم کے ارکان پر مسلح بغاوت کی منصوبہ بندی اور سکیورٹی اداروں پر حملےکے الزامات ہیں۔
امریکہ کو ڈیفالٹ کا خطرہ، صدربائیدن بھی پریشان ہوگئے
ڈیفالٹ کے خطرات سے امریکا لرزنے لگا ہے، جس کی وجہ سے صدر جوبائیڈن بھی پریشان ہوگئے ہیں۔
واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اگر امریکہ اپنے قرضوں کی حد کی وجہ سے ڈیفالٹ ہوگیا تو اسی لاکھ کے قریب امریکی اپنی ملازمتیں کھو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹس اکاؤنٹس تباہ ہوجائیں گے اور ہم کساد بازاری کا شکار ہو جائیں گے، انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سب کے ساتھ مل کر امریکا کو ڈیفالٹ سے بچانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
دوسری جانب حکام کے مطابق سوشل سیکیورٹی سے مستفید ہونے والےلاکھوں افراد، سابق فوجی اور فوجیوں کے خاندان اپنی ماہانہ ادائیگیوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اگر کام کرنے والوں کو حکومت سے تنخواہیں نہیں مل سکیں تو اہم وفاقی خدمات بشمول سرحدی اور فضائی ٹریفک کنٹرول میں خلل پڑ سکتا ہے۔معیشت بحران کا شکار ہو سکتی ہے۔
پاکستان میں احتجاج اور گرفتاریوں پر امریکی محکمہ خارجہ کا رد عمل
پاکستان میں احتجاج اور گرفتاریوں پر امریکی محکمہ خارجہ کا رد عمل سامنے آیا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پرپوزیشن نہیں رکھتے، یقین رکھتےہیں کہ احتجاج اور اظہار رائے بغیر تشدد کے ہونا چاہیے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ احتجاج اور اظہار رائے ایسا ہونا چاہیے جس سے سرکاری ملازمین یا املاک کو نقصان نہ پہنچے جبکہ گرفتاریاں بھی قانون کےمطابق ہونی چاہییں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مضبوط،مستحکم اور خوشحال پاکستان پاک امریکا تعلقات کے لیے اہم ہے۔
عمران خان کی گرفتاری پر امریکا کا اہم ردعمل آگیا
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ ہیں، پہلے بھی کہہ چکے ہیں امریکا کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتا۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری دنیا میں جمہوری اقدار کی عزت اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں اور زور دیتے ہیں کہ تمام مظاہرین پُرامن طور پر اپنی شکایات کا اظہار کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکام بھی حقوق، جمہوری اصولوں کے مطابق تحمل سے جواب دیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچنے والے چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف سابق وزیرِاعظم عمران خان کو نیب کے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بائیو میٹرک کروانے کےلیےجیسے ہی ہائی کورٹ کے متعلقہ آفس جانے لگے تو راستے میں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وہاں موجود نیب حکام کے پاس عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔
امریکا؛مٹی کے طوفان کے باعث متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں،6افراد جاں بحق
امریکی ریاست الی نوائے میں مٹی کے طوفان کے باعث متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں۔حادثے میں 6افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کےمطابق الی نوائے کی جنوبی انٹراسٹیٹ ففٹی فائیوہائی وے پرطوفان کے باعث چالیس سے ساٹھ گاڑیاں اوربڑے ٹرک ٹکرا گئے۔
ترجمان امریکی پولیس کےمطابق حادثے کا شکاردو ٹرکس میں آگ بھی لگی اورممکنہ طورپر ایک ٹرک میں دھماکا بھی ہوا۔30 زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔طوفان کے دوران تمام گاڑیاں 3 کلومیٹر کے فاصلے پرایک دوسرے سے ٹکرائیں۔
امریکا نے پاکستان سے آئی ایم ایف اصلاحات پر آگے بڑھنے کا مطالبہ کر دیا
امریکا نے پاکستان سے آئی ایم ایف اصلاحات پر آگے بڑھنے کا مطالبہ کر دیا۔
امریکا کی نائب معاون وزیر برائے پاکستان الزبتھ ہوسٹ نے واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا تکنیکی مصروفیات اور مدد کے ذریعے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا سکیورٹی تعلقات ایک برس میں بہتر ہوئے ہیں،افغانستان دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بنے، اس مقصد کیلئے امریکی انخلا کے بعد پاک امریکا تعاون جاری ہے۔
الزبتھ ہوسٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی طرح امریکا بھی ٹی ٹی پی کے بارے میں فکر مند ہے، طالبان کو ان کے کیے وعدوں پورے کرنے پر زور دینا ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے۔
امریکا کی نائب معاون وزیر برائے پاکستان نے پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
امریکی قانون سازوں کا بچوں کے سوشل میڈیااستعمال سے متعلق قوانین بنانے پرغور
امریکہ جلد اپنے ہاں ایک ایسا قانون متعارف کرانے جا رہا ہے ، جس کے تحت 18 سال سے کم عمر بچے والدین کی اجازت کے بغیرسوشل میڈیا ایپس استعمال نہیں کرسکیں گے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی برسوں سے امریکی قانون ساز سماجی پلیٹ فارمز کے حوالے سے خدشات کو دورکرنے کے لیے نئی پالیسیوں کا مطالبہ کررہے ہیں، جس کی مدد سے نوجوان صارفین کو آن لائن ہراسانی جیسے واقعات سے بچایا جاسکے، لہذاامریکی قانون سازوں نے سوشل میڈیا سے متعلق ضابطے اور قوانین بنانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریاست ارکنساس اور یوٹاہ کے بعد امریکہ کی دیگر ریاستوں میں بھی اس حوالے سے قانون سازی کے لیے کام کیا جارہا ہے۔یہ اقدام نو عمر بچوں کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے جس سے کئی والدین برسوں تک سوشل میڈیا کے بچوں پر منفی اثرات کے حوالے سے فکر مند تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون پر تنقید کرنے والے کچھ صارفین، ڈیجیٹل حقوق کے حامی اور بچوں کے تحفظ کے ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح کے اقدام سے نوعمر بچوں اور ان کے والدین کی پرائویسی کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور والدین پر اضافی بوجھ پڑسکتا ہے۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ قانون پر عملدرآمد کا طریقہ کار کیا ہوگا، یعنی کمپنیاں کیسے تعین کریں گی کہ کسی صارف کی عمر کیا ہے۔
امریکی صدر کیلئے دورۂ آئرلینڈ اتنا خاص کیوں ہے؟
امریکی صدر جو بائیڈن ان دنوں آئرلینڈ کے دورے پر ہیں، جہاں پر جو بائیڈن نے آئرلینڈ کے صدر سے ملاقات کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جو بائیڈن نے کہا کہ آئرلینڈ آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ آ کر مجھے ایسا لگ رہا ہے جسے میں اپنےگھر آ گیا ہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کے آباؤ اجداد کا تعلق آئرلینڈ سے تھا جو انیسویں صدی میں امریکا ہجرت کر گئے تھے۔
امریکی صدر کے رشتے دار اب بھی آئرلینڈ میں موجود ہیں۔
غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق ا مریکی صدر جو بائیڈن اپنے رشتے داروں سے ملاقات بھی کریں گے۔
امریکا میں فائرنگ کا واقعہ، حملہ آور سمیت چار افراد قتل
امریکا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر فائرنگ کے واقعے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکی ریاست کینٹکی کی پولیس نے بتایا ہے کہ لوئی ول میں ایک بینک کی عمارت میں فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں مبینہ حملہ آور بھی شامل ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دیگر8 افراد کو ہسپتال میں لایا گیا ہے۔ زخمیوں میں دو پولیس افسر بھی شامل ہیں۔
بینک کی عمارت سے باہر آنے والے عینی شاہدوں نے بتایا کہ انہوں نے عمارت کے اندر فائرنگ کی آواز سنی ۔
ٹیلی وژن فوٹیج میں پولیس کی متعدد گاڑیاں دیکھی گئی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق عینی شاہد نے بتایا کہ انہوں نے جائے وقوعہ سے لوگوں کو ایمبولینس میں لے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔
کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے ٹویٹ میں کہا کہ متاثرہ خاندانوں اور لوئس ول شہر کے لیے دعا کریں ۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور بھی جو ایک سابق ملازم بتایا جاتا ہے، مارا گیا مگر اس کی موت کے اسباب فی الحال نہیں بتائے گئے۔
ایف بی آئی نے کہا کہ اس کے ایجنٹوں نے بھی فائرنگ کا جواب دیا۔
امریکی محکمہ صحت پاکستانی نژاد ڈاکٹر فرح عباسی کو آج ایوارڈ سے نوازے گا
واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانہ بند کر دیا گیا۔ کب کھلے گا کوئی پتہ نہیں۔ نیویارک میں اسرائیلی حکومت کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ
واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے) واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانہ بند کر دیا گیا ہے۔ سفارتکار وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی تجویز کردہ حالیہ قانون سازی کی تبدیلیوں کے خلاف مہم میں شامل ہو گے۔ ماہ نومبر میں ہونے والے انتخابات کے بعد سے یہ ہڑتالیں اور احتجاج اسرائیل میں بدامنی کی تازہ ترین مثالیں ہیں۔ سفارتی عملہ کا کہنا ہے کہ معاشرے کا ہر شعبہ حکومت کی اس تجویز کی مخالفت کر رہا ہے وہ اس کو اسرائیلی جمہوریت کے لیے ایک سنگین خطرہ سمجھتے ہیں۔ دنیا بھر میں اسرائیل کے سفارتی مشنز اور سفارتخانے غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے اور کوئی قونصلر خدمات سرانجام نہیں دیگا۔ نیویارک میں شدید بارش اور سردی کے باوجود سینکڑوں اسرائیلی امریکی شہری مینہٹن میں اسرائیلی قونصلخانے کے سامنے احتجاج کرتے رہے۔ مینہٹن بورو کے صدر مارک لیوائن نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ سب کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے کہ ہم سب مل کر اسرائیلی جمہوریت کو بچانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ربی جِل جیکبز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کرپٹ اور نظام کو ملیامیٹ کرنے والا ہٹلر ہے۔ سرلنگ انسٹیٹیوٹ فار جیوش اسٹڈیز اینڈ ماڈرن اسرائیل کے ڈائریکٹر اور مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ییل آرونوف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے عدالتی نظام کو تبدیل کرنے اور ججوں کی پاورز کو کم کرنے کا خوفناک منصوبہ معاشرے کو تقسیم کرنے کا سبب بنا ہے۔ وزیراعظم نیتن یاہو قانون سازی پر عمل پیرا ہیں جو انہیں ممکنہ جیل کے وقت سے استثنیٰ دے سکتا ہے اُن پر مبینہ بدعنوانی کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی اور انہیں اس وقت بھی کئی مقدمات کا سامنا ہے جس میں ان پر رشوت خوری، دھوکہ دہی اور اپنے اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ اسرائیل کی سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کے شعبوں جیسے فوجی حکام، انٹیلیجنس کے ریٹائرڈ سربراہان اور دیگر نے ان اصلاحات کی مخالفت کی ہے۔
امریکی اسکول میں طلبا سمیت 6 افراد کو قتل کرنے والی لڑکی ٹرانس جینڈر نکلی
ٹینیسی(نیوز ڈیسک) امریکی ریاست ٹینیسی کے ایک اسکول میں فائرنگ کر کے 3 کم سن طلبا سمیت 6 افراد کو قتل کرنے والی 28 سالہ لڑکی اوڈرے ہیل سے متعلق ہوشربا انکشافات سامئے آئے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹینیسی کے شہر نیشول کے اسکول میں فائرنگ کرنے والی قاتل لڑکی کو پولیس نے جوابی کارروائی میں مار دیا تھا۔ لڑکی کی شناخت 28 سالہ اوڈرے ہیل کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اوڈرے ہیل کے پاس اسکول کا مکمل نقشہ تھا جس پر سیکیورٹی سمیت خارجی و داخلی راستوں کو نشان دہ کیا گیا تھا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قاتلہ نے مکمل منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔پولیس نے مزید بتایا کہ حملہ آور لڑکی سیکیورٹی فورسز سے لڑنے کے لیے مکمل تیاری سے آئی تھی اس کے پاس سے نقشے کے علاوہ 2 رائفلز اور ایک ہینڈ گن بھی ملی۔پولیس نے انکشاف کیا کہ پہلے حملہ آور کی شناخت بطور لڑکی ہوئی تھی جو اسی اسکول میں پڑھتی تھی تاہم اس کے رشتے داروں نے بتایا کہ وہ ٹرانس جینڈر ہے اور ذہنی الجھنوں کا شکار تھی۔تفتیشی عمل جاری ہے تاہم اب تک قتل کے محرکات کا علم نہیں ہوسکا۔
امریکی سرحد کےقریب پناہ گزینوں کےکیمپ میں آتشزدگی سے37 افراد ہلاک
میکسیکو (نیوز ڈیسک)شمالی امریکی ملک میکسیکو میں امریکی سرحد کےقریب پناہ گزینوں کے کیمپ میں آتشزدگی سے 37 افراد ہلاک ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ امریکی سرحد کے قریب میکسیکو کے شہر 'Ciudad Juarez' میں پیش آیا۔امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ حادثے میں 37 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 21 کے قریب زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حکام کی جانب سے پناہ گزینوں کے کیمپ میں آتشزدگی کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق کیمپ میں آگ سے متاثر ہونے والے افراد کی اکثریت کا تعلق وینزویلا سے ہے جو کہ امریکا میں داخل ہونےکے خواہش مند تھے۔
امریکہ، ٹائمز اسکوائر، نیویارک اور نمازِ تراویح۔
گزشتہ رات نیویارک سٹی کے قلب ٹائمز اسکوائر میں نماز تراویح کا انعقاد کیا گیا۔ یہ وہ شہر ہے جو کبھی نہیں سوتا۔مجھے مین ہٹن میں اپنے دن یاد آتے ہیں جہاں سب اکٹھے ہوتے اور مسلمانوں کو روزہ افطار کرنے میں مدد کرتے تھے اور ہمارے روزوں کا احترام کرتے۔ یہاں تک کہ میرے وال سٹریٹ کے دفتر میں ایک "نماز کی جگہ" بھی بنا دی تھی۔کل کی تراویح، جس نے ہزاروں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ NYC کے مرکز میں افطاری، مغرب کی نماز، لیکچرز، اور قرآن کی تلاوت کے ساتھ شروع ہوئیں۔یہ تقریب نیویارک شہر کے تنوع اور اتحاد کی ایک خوبصورت نمائش تھی۔ اس نے وسیع تر کمیونٹی میں مسلمانوں اور اسلام کے مثبت امیج کو فروغ دینے میں مدد کی۔ایسے واقعات کے ذریعے ہی ہم رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں اور مختلف عقائد اور پس منظر کے لوگوں کے درمیان زیادہ افہام و تفہیم اور رواداری کو فروغ دے سکتے ہیں۔
(ذیشان افضل)