بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے بیلجیئم کے بادشاہ کو اسناد سفارت پیش کردیں
بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے بدھ کو برسلز کے شاہی محل میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بیلجیئم کے بادشاہ فلپ لیوپولڈ لوئس میری کو اپنی اسناد سفارت پیش کردیں۔ برسلز میں پاکستان کے سفارت خانہ سے جاری بیان کے مطابق سفیر آمنہ بلوچ نے پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے بیلجیئم کے بادشاہ کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط، متحرک اور متنوع شراکت داری کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا۔ بیلجیئم کے بادشاہ نے بھی تہہ دل سے مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔